Jun ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۰۶ Asia/Tehran
  • فلوجہ میں عراقی افواج کی پیشقدمی

عراقی افواج نے فلوجہ کو آزاد کرانے کی اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے اس شہر کے اطراف کے دو مزید علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے

الفرات نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ عراقی افواج نے داعش کے خلاف اپنی پیشقدمی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فلوجہ شہر کے مغرب میں واقع دو علاقوں الصبیحات اور الفلاحات کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے یوں تیس مہینے بعد عراقی افواج فلوجہ شہر کے مرکز کے بالکل قریب پہنچ گئی ہیں- بتایا جاتا ہے کہ فلوجہ شہر کے مرکز سے عراقی افواج کا فاصلہ صرف چند سو میٹر رہ گیا ہے-

خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ فلوجہ شہر کے اندرعراقی افواج اور دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے- اس درمیان عراقی وزیردفاع خالد العبیدی فوجی کارروائیوں کا قریب سے جائزہ لینے اور فلوجہ کے مغرب میں فوجی چھاؤنیوں کا معائنہ کرنے کے لئے اس علاقے کے دورے پر ہیں-

فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائیاں گذشتہ تیئیس مئی کو شروع ہوئی ہیں جن میں عراقی فوج، علاقے کے اہل سنت قبائلی لشکر اورعوامی رضاکار فورس شامل ہے- اس عرصے میں فلوجہ کے قریب واقع اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل دو شہروں الصقلاویہ اورالکرمہ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے-

عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلوجہ کے اندر دوہزار دہشت گرد موجود ہیں جو شہرمیں موجود عام لوگوں کوعراقی افواج کے حملوں کے مقابلے میں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں-

داعش نے فلوجہ پر جون دوہزار چودہ میں قبضہ کیا تھا

ٹیگس