عراق: فلوجہ شہر کے مزید تین علاقے آزاد ہوگئے
عراق کی وزارت دفاع نے فلوجہ شہر کے مزید تین علاقوں کی آزادی کی خبر دی ہے۔
السومریہ نیوز ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت دفاع نے جمعے کے دن ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس بیان میں آیا ہےکہ عراق کی سیکورٹی فورسز نے فلوجہ شہر میں التوزیع الحدید، البوردینی اور شارع الستین کو آزاد کرا لیا ہے۔
عراق کی سیکورٹی فورسز نے اس کے علاوہ فلوجہ شہر میں الموظفین چوک اور السکراب، المعارض اور اتوبوان علاقوں کا کنٹرول بھی حاصل کر لیا ہے۔
عراق کے جنگی امور کے انفارمیشن سینٹر نے بھی کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے فلوجہ شہر میں الصناعی اور نزال محلوں کو آپس میں ملانے والا راستہ بند کر دیا ہے۔ دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے میں عراق کی سیکورٹی فورسز کی کامیابیوں کے بعد اس ملک کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے فلوجہ شہر کی آزادی کے آپریشن میں شریک تمام فورسز کو سراہا ہے۔
واضح رہے کہ فلوجہ کی آزادی کا آپریشن تیئیس مئی کو شروع ہوا اور اب تک اس شہر کے اطراف میں واقع تمام علاقے آزاد ہو چکے ہیں اور فلوجہ شہر کا بہت بڑا حصہ بھی عراق کی سیکورٹی فورسز کے کنٹرول میں آگیا ہے۔ لیکن چونکہ دہشت گرد گروہ داعش عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہا ہے اس لئے آپریشن کا آخری مرحلہ سست روی کا شکار ہے۔