سعودی عرب کے سفیر کی ٹارگٹ کلنگ کی کوشش سے متعلق خبر کی تردید
عراق کی وزارت خارجہ نے بعض افراد کی جانب سے بغداد میں تعینات سعودی عرب کے سفیر کی ٹارگٹ کلنگ کی کوشش سے متعلق خبر کی تردید کی ہے۔
عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد جمال نے پیر کے دن ایک بیان جاری کیا۔ اس بیان میں بعض افراد کی جانب سے بغداد میں تعینات سعودی عرب کے سفیر ثامر السبہان کی ٹارگٹ کلنگ کرنے کی کوشش پر مبنی خبر کی تردید کی گئی ہے۔ بیان میں آیا ہےکہ دوسرے ممالک کے سفارت خانوں اور سفارتکاروں کی سیکورٹی، عراقی حکومت کے ذمے ہے اور اب تک کسی بھی سفارتی وفد نے عدم تحفظ یا خطرے کے امکان کے بارے میں شکایت نہیں کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، عراق کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے غلط خبریں نشر اور شائع کئے جانے کا مقصد ریاض کے ساتھ بغداد کے تعلقات کو بگاڑنا قرار دیا۔
واضح رہے کہ آل سعود سے وابستہ اخبار الشرق الاوسط نے ایک رپورٹ میں دعوی کیا ہے کہ عراق کے دو گروہوں نے ایران کے کہنے پر عراق میں تعینات سعودی عرب کے سفیر ثامر السبہان کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کی ہے۔
ثامر السبہان نے دہشت گرد گروہ داعش کا مقابلہ کرنے والی عراق کی عوامی رضاکار فورس کے بارے میں بارہا اظہار خیال کیا ہے جس کے خلاف عراقی شخصیات خصوصا اس ملک کے اراکین پارلیمنٹ نے رد عمل ظاہر کیا ہے۔