حزب اللہ کے ساتھ رابطہ لبنان کے صدر کی کامیابی
لبنان کی نیشنل فریڈم پارٹی کے ایک رکن نے کہا ہے کہ لبنان کے نئے صدر حزب اللہ کے ساتھ رابطے کی صورت میں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔
لبنان کے نیشنل فریڈم دھڑے کے رکن فادی اعور نے تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ لبنان کی حکومت اور حزب اللہ کے درمیان رابطہ ہمیشہ اسٹریٹیجک نوعیت کا رہا ہے اور لبنانیوں کو چاہئے کہ دشمن کے مقابلے میں حزب اللہ کے ساتھ رہیں۔ انھوں نے لبنان کے نئے صدر کے انتحاب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ اور بذات خود سید حسن نصراللہ کی حمایت کے نتیجے میں ہی میشل عون صدارت کے عہدے پر منتخب ہوئے ہیں اس لئے کہ مزاحمت کا موقف ہمیشہ مستحکم اور ناقابل تبدیل رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لبنان کے اراکین پارلیمنٹ نے اکتّیس اکتوبر کو چوتھے مرحلے میں لبنان کے تیرہویں صدر کی حیثیت سے میشل عون کا انتخاب کیا ہے۔ چوتھے مرحلے میں میشل عون کو حزب اللہ کی بھی حمایت حاصل تھی اور وہ مجموعی طور پر ایک سو ستّائیس اراکین میں سے تراسی اراکین کے ووٹوں سے لبنان کے نئے صدر کی حیثیت سے منتخب ہوئے۔