دہشت گردوں کی اپنے اپنے ملکوں کی جانب واپسی کی بابت انتباہ
عراق کے وزیرخارجہ نے دہشت گرد گروہ داعش میں شامل عناصر کی اپنے اپنے ملکوں کی جانب واپسی کی بابت خبردار کیا ہے
الفرات نیوز ایجنسی نے خبردی ہےکہ عراقی وزیرخارجہ ابراہیم جعفری نے کہا ہے کہ عراقی افواج اس وقت دنیا کے ایک سو سے زائد ملکوں سے عراق میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کررہی ہیں اور جب یہ عناصر اپنے اپنے ملکوں کو واپس لوٹیں گے تو وہ وہاں دہشت گردانہ کارروائیاں انجام دیں گے - انہوں نے کہاکہ عراقی افواج کی کوشش تھی کہ وہ دوہزار سولہ میں عراق کو دہشت گردوں کے وجود سے پوری طرح پاک کردیں- لیکن داعش کے ذریعے خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کئے جانے کے سبب عراقی افواج کی کارروائیاں احتیاط سے آگے بڑھ رہی ہیں- عراقی وزیرخارجہ نے کہا کہ موصل کی آزادی کے بعد دنیا کے ملکوں کو چاہئے کہ وہ عراق کا ساتھ دیں کیونکہ موصل شہر کی تعمیر نو کے لئے دوگنا کوششیں درکارہیں -