سعودی اتحادی فوجیوں کے ٹھکانوں پر یمنی فوج کا حملہ
یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے صوبہ مآرب میں سعودی عرب کے اتحادی فوجیوں کے ٹھکانوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کر کے انہیں تباہ کر دیا- دوسری جانب یمنی فوج نے نئے بحری میزائل سسٹم مندب ایک کی رونمائی کی ہے۔
یمنی فوج کے میزائل یونٹ نے صوبہ مآرب میں سعودی عرب کے اتحادی فوجیوں کے ٹھکانوں پر قاہر ایم ٹو میزائل سے حملہ کر کے انہیں تباہ کر دیا جبکہ یمنی فوج کے توپخانوں نے بھی شمالی یمن کے صوبہ الجوف کے مصلوب علاقے میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے متعدد جارح فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کر دیا-
اس درمیان یمنی فوج نے نئے بحری میزائل سسٹم مندب ایک کی رونمائی کی ہے- یمنی فوج نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ نیا میزائل سسٹم بحری اہداف کو پوری طرح منہدم کرنے کی توانائی رکھتا ہے، کہا کہ مندب ایک میزائل سسٹم کی ٹیکنالوجی کچھ ایسی ہے کہ دشمن اسے ڈی کوڈ نہیں کر سکتا-
دوسری جانب یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ صالح الصماد نے کہا ہے کہ یمنی فوج نے اب تک یمنی فوج کی میزائلی توانائی کے بارے میں جو کچھ کہا ہے وہ صرف میزائل یونٹ کی طاقت و توانائی کا ایک معمولی سا حصہ ہے-
صالح الصماد نے کہا کہ یمنی فوج کے پاس ایسے میزائل ہیں کہ جن کی رینج اور مار کرنے کی صلاحیت کے بارے میں کوئی بھی اندازہ نہیں لگا سکتا-
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کے ذریعے یمن کا محاصرہ جاری رہنے کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی توانائیوں میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے-
ادھر یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے ہوائی حملوں کے ردعمل میں کہا ہے کہ سعودی حکومت کے ہاتھوں یمن کے عام شہریوں کے قتل عام سے ایسا لگتا ہے کہ اب جارح طاقتوں خاص طور پر سعودی عرب کا کام تمام ہونے والا ہے-
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں سعودی ہوائی حملوں سے تباہ ہونے والے علاقوں کا معائنہ کرنے کے دوران کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے میدان جنگ میں صورت حال کو پوری طرح اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے-
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے پچھلے چند ہفتوں کے دوران یمن کے رہائشی علاقوں پر اپنے ہوائی حملے تیز کر دیئے ہیں- سعودی عرب نے اپنے چند اتحادیوں کے ساتھ مل کر چھبیس مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملوں اور جارحیتوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تاہم اس کو اب تک ایک بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیابی نہیں ملی ہے-
سعودی جارحیت میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ لاکھوں کی تعداد میں یمن کے عوام بے گھر ہو گئے ہیں-