Jun ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • بیت المقدس اور فلسطین عالم اسلام کا اہم مسئلہ، یمن کی انصاراللہ کا اعلان

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما نے بیت المقدس اور مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکہ و اسرائیل علاقے اور پوری دنیا پر تسلط جمانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے عالمی یوم قدس کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں نے اگر اپنے تشخص کے حامل مقدسات کو کھو دیا  تو وہ بہت کمزور قوم میں تبدیل ہو جائیں گے بنابریں مسجدالاقصی اور بیت المقدس سے ان کا رابطہ اہم ترین رابطہ ہے جو ان کی اقدار کو بیان کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سرکش طاقتوں کی جانب سے مسلط کی جانے والی جنگیں فیصلہ کن ہیں کہ جن سے مسلمانوں کی تقدیر کا فیصلہ ہونا ہے اور یاد رکھنا چاہئے کہ مسجدالاقصی اور فلسطین کا مسئلہ ایک محوری مسئلہ ہے۔

الحوثی نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے رابطے کا مقصد، مسلمانوں کو نشانہ بنانا، انھیں جھکنے پر مجبور کرنا اور ان کو تباہ کرنا ہے اور یہ کہ سعودی عرب علاقے میں تباہ کن کردار ادا کر رہا ہے اور سینچری ڈیل سے موسوم امریکی منصوبے کے بارے میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مواقف سب پر واضح ہیں۔

ٹیگس