Oct ۲۴, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۰ Asia/Tehran
  •  سعودی صحافی کی لاش ملنے کے حوالے سے متضاد بیانات

برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی لاش کی باقیات استنبول کے سعودی قونصل خانے کے باغ سے مل گئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز نے انکشاف کیا ہے کہ جمال خاشقجی کی باقیات سعودی قونصل خانے کے لان سے مل گئی ہیں۔ لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے دفن کیا گیا تھا اور صحافی کے چہرے کو زخم لگا کر مسخ کردیا گیا تھا۔

اسکائی نیوز نے اپنے ذرائع سے انکشاف کیا ہے کہ ترکی کے تفتیش کاروں کو مقتول صحافی کی باقیات سعودی قونصل جنرل کے گھر سے ملحقہ باغ سے ملی ہیں۔ باقیات کی فرانزک لیب سے تصدیق کرانے کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ تاہم ترکی کی قومی ٹیلی ویژن چینل (TRT)  نے جمال خاشقجی کی باقیات سعودی قونصل خانے کے لان سے ملنے کی تردید کی ہے۔

مقتول صحافی کی باقیات ملنے  یا نہ ملنے کی خبر اس وقت سامنے آئی ہے جب ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے پارلیمنٹ سے خطاب میں قتل کو سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہوئے سعودی عرب سے لاش کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کل اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ریاض سے استنبول آنے والے 15 افراد نے سعودی قونصل خانے کے 3 ملازمین کے ساتھ مل کر صحافی کو قتل کیا اور لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے مقامی شخص کے حوالے کیا تھا۔

ترک تفتیش کاروں کا کہنا تھا کہ یہی افراد جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہیں ان میں سے ایک شخص فرانزک لیب کا ماہر ہے جب کہ باقی افراد یا تو انٹیلی جنس کے اہلکار ہیں یا پھر سعودی ولی عہد کے محافظ تھے۔

سعودی عرب کا بھی عالمی دباؤ کے بعد جمال خاشقجی کی استنبول کے سعودی قونصل خانے میں موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صحافی ہاتھا پائی کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔ تاہم لاش کے حوالے سے سعودی حکام نے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔

صحافی کے قتل پر احتجاج کرتے ہوئے امریکا، برطانیہ، جرمنی سمیت دیگر عالمی قوتوں نے سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر کو استنبول کے سعودی قونصل خانے میں لاپتہ ہوگئے تھے۔ سعودی عرب نے تال مٹول سے کام لیتے ہوئے 15 روز بعد صحافی کی قونصل خانے میں ہاتھاپائی کے دوران ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

یکم اکتوبر کو ہی 10 سے زائد سعودی حکام چارٹرڈ طیارے سے استنبول پہنچے تھے اور ان تمام افراد کے سعودی قونصل میں داخلے اور کام مکمل کرنے کے بعد واپس جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں۔

 

ٹیگس