سعودی فوجی اہداف پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے بھر پور حملے
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے صوبے عسیر اور نجران میں فوجی اہداف پر زبردست حملے کیے ہیں۔
المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے ڈرون یونٹ نے صوبہ عسیر کے علاقے میں سعودی فوج اوراس کے اتحادیوں کی متعدد ٹولیوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے میزائل یونٹ نے بھی جنوبی سعودی عرب کے صوبے نجران کے علاقے البقع پر زلزال ایک میزائل سے حملہ کیا جبکہ صوبہ جیزان کے علاقے جبل جحفان میں سعودی فوج کی مختلف ٹولیوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی۔
یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مشترکہ کاروائیوں میں سعودی فوج اور اس میں شامل میں کرائے کے فوجیوں کو بھاری جانی اورمالی نقصان اٹھانا پڑا۔
خبروں میں کہا گیا ہے کہ جیزان کے علاقے پر یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی گولہ باری کے بعد سعودی فوجی اہلکار علاقے سے فرار ہوگئے جبکہ صوبہ عسیر کے علاقے ربوعہ کی جانب سے ان کی یمن میں دراندازی کی کوشش بھی ناکام ہو گئی۔
ایک اور اطلاع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے ملک کے شمالی صوبے الجوف میں بھی سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر شدید گولہ باری کی جس میں متعدد سعودی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
مغربی صوبہ حجہ میں بھی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی ایک کارووائی کے دوران سعودی فوج کی متعدد بکتر بند گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔
یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے یہ حملے، سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے اسٹاک ہوم امن سمجھوتے کی خلاف ورزی کے جواب میں کیے جس کے تحت مغربی صوبے الحدیدہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ یمن کے مشرقی صوبے صعدہ کے قبائل نے ملکی دفاع کے لیے اپنی بھرپورآمادگی کا اعلان کیا۔
مشرقی یمن کے کتاف قبائل نے محاذوں پر جانے کے لیے اپنی آمادگی کے اعلان کے ساتھ ساتھ سعودی دشمن کے خلاف جنگ کرنے والے مجاہدین کے لیے غذائی امداد بھی روانہ کی ہے۔