Feb ۱۱, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۳ Asia/Tehran
  • سعودی فوجی اتحاد کے وفد کا دورہ پاکستان

سعودی فوجی اتحاد کا وفد اپنے دو روزہ دورہ پاکستان میں پاکستان کےوزیراعظم، آرمی چیف سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق سعودی فوجی اتحاد کا وفد اتوار کی رات پاکستان پہنچ گیا جس کی قیادت پاکستان کے سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف کررہے ہیں۔ سعودی فوجی اتحاد کے وفد کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے جو کہ پاکستان میں دو روز قیام کرے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقات کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی اور خطے کی صورتحال زیر غور آئے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں یہ دورہ اس حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر سعودی صحافی جمال قاشقجی کے بہیمانہ قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے اور عالمی سطح پر انھیں اس قتل میں براہ راست ملوث ہونے کا ذمہ دار ٹھرایا گیا ہے۔ جبکہ اس کے علاوہ یمن پر سعودی جارحیت پر پاکستان کی پارلیمنٹ اور اس ملک کی حکمران جماعت پی ٹی آئی نے مخالفت کی تھی اور پاکستان کو یمن جنگ میں شامل ہونے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنے کو کہا گیا تھا جس پر سعودی عرب نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

 

ٹیگس