Feb ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۰ Asia/Tehran
  • خاشقجی قتل کیس پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا، ترک صدر

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ ان کا ملک سعودی قونصل خانے میں قتل ہونے والے صحافی کے معاملے سے ہرگز دستبردار نہیں ہو گا۔

 سی این این ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ترک صدر کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت، سعودی حکومت کے مخالف صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی مسلسل پیروی کر رہی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ترکی، جمال خاشقجی کے قتل جیسے گھناؤنے جرم پر پردہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔
 ترک صدر نے استفسار کیا کہ اگر سعودی ولی عہد بن سلمان نہیں جانتے کہ خاشقجی کے ساتھ کیا ہوا تو پھر کون جانتا ہے؟
 قابل ذکر ہے کہ مشہور صحافی جمال خاشقجی، دو اکتوبر کو ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی کونسلیٹ میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے۔
سعودی حکومت نے اٹھارہ دن تک پس وپیش کے بعد آخرکار انیس اکتوبر کو یہ بات تسلیم کر لی تھی کہ خاشقجی کو اس کے قونصل جنرل کے آفس میں قتل کر دیا گیا ہے۔
 جمال خاشقجی، سعودی حکومت کو انتہائی مطلوب تھے اور سعودی ولی عہد بن سلمان انہیں اپنے راستے میں اہم ترین رکاوٹ سمجھتے تھے۔

ٹیگس