لیبیا میں لڑائی بدستور جاری
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں تازہ لڑائیوں کے سبب اب تک دو ہزار آٹھ سو سے زائد افراد اس شہر سے فرار کر چکے ہیں۔
پناہ گزینوں سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایچ سی آر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں تازہ لڑائیوں کی وجہ سے اب تک دو ہزار آٹھ سو سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں-
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جس علاقے میں لڑائی ہو رہی ہے وہاں امدادی ٹیموں کا پہنچنا مشکل ہے اس لئے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے-
اس درمیان میڈیا میں آنے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ خلیفہ حفتر کی فوج کے جنگی طیاروں نے پیر کی شام طرابلس کے ہوائی اڈے پر تین بار بمباری کی-
طرابلس ہوائی اڈے کے اطراف اور قصر بن غشیر علاقے میں لڑائیاں منگل کو بھی جاری رہیں-
بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ طرابلس ہوائی اڈے کے اطراف کے دیگر علاقوں اور ساتھ ہی العزیزیہ محلے میں بھی لڑائیاں جاری ہیں-
اس درمیان لیبیا کی عبوری حکومت کے وزیر خارجہ عبدالہادی الحویج نے اپنے ایک انٹرویو میں ماسکو سے کہا ہے کہ وہ لیبیا کے بحران میں بھی اسی طرح کا ثالثی کا کردار ادا کرے جیسا کہ اس نے شام کے بحران میں ادا کیا ہے-