May ۰۵, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۳ Asia/Tehran
  • افغانستان:43 داعشی اور7 سکیورٹی اہلکار ہلاک

افغانستان میں اتحادی افواج نے فضائی حملے میں 43 داعش دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے جب کہ طالبان کے پولیس چیک پوسٹوں پر حملے میں 7 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے کنڑ میں اتحادی افواج نے فضائی بمباری میں داعش دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 43 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ یہ ہلاکتیں کنڑ میں دو مختلف مقامات پر فضائی بمباری کے نتیجے میں ہوئیں۔

افغان فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبے کنڑ کے ضلع چھاپرا میں کیے گئے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں سے اکثریت بیرون ملک سے آئے ہوئے افراد کی ہے۔ ان علاقوں میں تاحال شدت پسند جماعتیں متحرک ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان نے بادغیس کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹوں پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ قاضی کے علاقے میں طالبان حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ ان علاقوں میں افغان سیکیورٹی فورسز کی مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز افغان صدر اشرف غنی نے امن مذاکرات کے تناظر میں مشروط جنگ بندی کا عندیہ دیا تھا تاہم اس پر طالبان کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

ٹیگس