Jun ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • یمن: عدن میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملہ

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے جنوبی یمن کے شہر عدن میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملہ کیا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کا جنوبی شہرعدن میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر ڈرون حملہ ایسے وقت انجام پایا کہ جب عدن کی راس عباس فوجی چھاؤنی میں سعودی اتحاد کے آلہ کار عناصر، فوجی پریڈ کر رہے تھے۔

یمنی فوج کے ڈرون یونٹ نے اس حملے میں قاصف ٹو کے، قسم کے ڈرون طیارے کا استعمال کیا۔

بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ عدن میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

یمن کے ایک فوجی ذریعے کا بھی کہنا ہے کہ یہ ڈرون حملہ اس فوجی چھاؤنی کا پوری طرح سے پتہ لگاکرکیا گیا۔  ابھی تک ممکنہ نقصان کے بارے میں کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے عدن میں سعودی اتحاد کی فوجی چھاؤنی پر ہونے والے اس کامیاب ڈرون حملے کے بعد کہا ہے کہ سعودی اتحاد کے فوجیوں کے لئے یمن کے اندر یا باہر کوئی محفوظ ٹھکانہ باقی نہیں رہا ہے-

یمنیوں نے، جنھوں نے سال دو ہزار اٹھارہ کو میزائل حملے کا سال قرار دیا تھا دو ہزار انیس کو ڈرون کارروائی کا سال قرار دیا ہے۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے حالیہ مہینوں کے دوران یمن، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر بارہا حملے کئے ہیں۔

دوسری جانب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ نے پیر کو مغربی یمن کے صوبے الحدیدہ میں سعودی اتحاد کا ایک جاسوس طیارہ مار گرایا۔

یمنی ذرائع کے مطابق اس جاسوس طیارے کو صوبے الحدیدہ کے الدریہمی کے علاقے میں ایسی حالت میں مار گرایا گیا کہ وہ سوئیڈن سمجھوتے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دشمنانہ مشن پر تھا۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اتوار کی رات بھی یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے  نجران میں واقع البقع میں سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پر زلزال ایک قسم کے میزائل سے حملہ کیا۔

یمن کے المسیرہ ٹی وی چینل نے اعلان کیا ہے کہ یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے اس میزائل حملے میں سعودی اتحاد کے دسیوں فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔

یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے اسی طرح اتوار کی رات جنوبی سعودی عرب کے علاقے نجران میں الصوح کے جنگی مورچوں پر سعودی اتحاد کے فوجیوں کی حامل ایک بکتربند گاڑی کو تباہ کر دیا۔یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کی سرزمین پر ہر روز جوابی حملے کر رہی ہے جس کی رو سے یہ کہا جا سکتا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے سعودی اتحاد کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔

ٹیگس