بغداد کے شمال میں عراقی فوج کی مشترکہ کارروائی
عراقی فوج کی مشترکہ آپریشن کمان نے عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کی شمولیت سے بغداد کے شمال میں واقع بارہ علاقوں میں مشترکہ کارروائی کا دوسرا مرحلہ شروع کئے جانے کی خبر دی ہے۔
عراقی فوج کی مشترکہ آپریشن کمان نے اتوار کے روزاعلان کیا ہے کہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے بغداد کے شمال میں طارمیہ کے قریب واقع بارہ علاقوں سے داعش دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کا صفایا کر دیا۔
مشترکہ کارروائی کے ڈپٹی کمانڈر عبدالامیر رشید یاراللہ نے کہا ہے کہ عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف کے حکم سے شروع کی جانے والی اس مشترکہ فوجی کارروائی کا مقصد، بغداد کے شمال میں واقع علاقوں اور اسی طرح دیالہ، صلاح الدین اور الانبار صوبوں میں امن و استحکام کو مضبوط بنانا ہے۔
واضح رہے کہ بغداد کے شمال میں ہونے والی اس مشترکہ کارروائی کو، عراقی وزیر اعظم، عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر، عواقی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے نائـب سربراہ اور عراق کے وزرائے دفاع و داخلہ کی نگرانی حاصل ہے۔