Sep ۲۴, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۳ Asia/Tehran
  •  افغانستان میں خونریزی کا ذمہ دار امریکا: طالبان

طالبان نے کہا ہےکہ افغانستان میں ہونے والی خونریزی کا ذمہ دار امریکا ہوگا ۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان وفد نے چینی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ڈینگ ژی جن سے ملاقات کی اور امریکی صدر کی جانب سے اچانک افغان امن مذاکرات کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے پیدا ہونے والی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

قطر میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کے بقول ملا برادر کی سربراہی میں 9 رکنی طالبان وفد نےچینی نمایندہ خصوصی کو بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام سے افغانستان میں خونریزی میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جس کا ذمہ دار امریکا ہوگا۔

ملا برادر نے چینی نمائندہ خصوصی کو بتایا کہ طالبان مذاکرات کاروں اور امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے درمیان بات چیت آخری مراحل میں خوش اسلوبی سے طے کرتے ہوئے جامع اور متفقہ معاہدے کی تکمیل تک جا پہنچی تھی لیکن پھر اچانک امریکی صدر ٹرمپ نے معاہدے پر دستخط سے انکار کردیا۔

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے تاحال طالبان وفد اور چینی نمایندہ خصوصی برائے افغانستان کی ملاقات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے افغان طالبان کے ساتھ امن مذاکرات آخری وقت میں منسوخ کرنے کا اعلان کیاتھا۔

ٹیگس