مسجد الاقصی پر صیہونی انتہا پسندوں کا حملہ
دسیوں صیہونی انتہا پسندوں نے مسجدالاقصی پر حملہ کیا ہے اس حملے میں صیہونی فوجی بھی شریک تھے۔ دوسری جانب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن پر حملہ کرکے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں اور صیہونی انتہا پسندوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی پر حملہ کرکے ایک بار پھر اس مقدس مقام کی بی حرمتی کی۔
صیہونی فوجیوں اور صیہونی غاصبوں کے توسط سے بیت المقدس کی اسلامی اور عیسائی شناخت کوختم کرنے کے لئے مسجدالاقصی پر مسلسل حملے کئے جار رہے ہیں۔
مسجد الاقصی اور بیت المقدس کے تعلق سے صیہونی حکومت کےتسلط پسندانہ اقدامات ایسی حالت میں جاری ہیں کہ یونیسکو نے دوہزار سولہ میں ایک قرارداد پاس کرکے بیت المقدس کے اہم مقدس مقامات خاص طور پر مسجدالاقصی سے یہودیوں کے کسی بھی طرح کے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی تعلق کو مسترد کردیا تھا-
اس درمیان صیہونی فوجیوں نے غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں بھی حملے کرکے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر نے خبردی ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملے کرکے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے-
صیہونی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے اٹھارہ فلسطیینوں کو صیہونیت مخالف اور استقامتی کارروائیاں انجام دینے کے جرم میں گرفتار کیا ہے۔ گرفتار کئے گئے فلسطینی، زیادہ تر نوجوان اور جوان ہیں - غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں غاصب صیہونی فوجیوں کے حملوں کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ہے۔
غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس سے ہی یہ بھی خبر ہے کہ صیہونی حکومت ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی کو منقطع کرنے کا دورانیہ مزید بڑھا رہی ہے۔
بیت المقدس میں بجلی بورڈ کے ڈائریکٹر ھشام العمری نے کہا ہے کہ اسرائیل نے بیت المقدس کے بجلی بورڈ کو ایک نوٹس جاری کرکے کہا ہے کہ آئندہ سترہ نومبر سے بیت المقدس اور غرب اردن میں بجلی کی سپلائی روزانہ تین بار منقطع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کے اس فیصلے سے غرب اردن اور بیت المقدس کے فلسطینیوں کی پریشانیاں اور زیادہ بڑھ جائیں گی۔
بیت المقدس کے بجلی کے محکمہ کے کارکنوں نے بجلی بورڈ کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرکے فلسطینی علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع کئے جانے کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے بیت المقدس میں بھی چار فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ اسرائیلی فوجیوں نے مسجد الاقصی کے باب السلسلہ پر فلسطینی خواتین پر حملہ کردیا جس میں ایک خاتون کے سر میں شدید چوٹ آئی ہے۔