Nov ۲۱, ۲۰۱۹ ۱۵:۰۸ Asia/Tehran
  • یمنی فضائی دفاعی سسٹم اور سعودی جنگی طیارے کا فرار

یمنی فوج کے ترجمان نے جارح سعودی اتحاد کے ایک ایف پندرہ جنگی طیارے کو فرار کرنے پرمجبور کر دیا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے فضائی دفاعی سسٹم نے شمالی صوبے صعدہ میں جارح سعودی اتحاد کے ایف پندرہ جنگی طیارے کا پتہ لگا کر اس کا زمین سے فضا میں مار کرنے والے ثاقب میزائل سے مقابلہ کیا اور اسے علاقے سے فرار اختیار کرنے پر مجبور کردیا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یمنی فوج اور رضاکار فورس پوری طاقت سے ملک کی فضائی حدود کی حفاظت و دفاع جاری رکھے گی۔یحیی سریع نے کہا کہ ڈرون اور میزائلوں کے میدان میں یمن کی مسلح افواج کی طاقت و صلاحیت اس قدر زیادہ ہے کہ وہ مقبوضہ زمینوں کے اندر گھس کر بنیادی اہداف کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

اس سے قبل یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے رہنما سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے کہا تھا کہ اگر صیہونی حکومت نے کسی قسم کی حماقت کی تو اس کے خلاف اعلان جہاد کرنے میں کسی طرح کا پس و پیش نہیں کریں گے۔یاد رہے کہ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے ابھی حال ہی میں اپنے ایک بیان میں یمن کا نام بھی ان ملکوں کی فہرست میں قرار دے دیا ہے جو صیہونی حکومت کے لئے خطرہ شمار ہوتے ہیں ۔

جارح سعودی حکومت کی جانب سے یمن کے مکمل محاصرے کے باوجود یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی طاقت روز بروز بڑھتی جار ہی ہے۔درایں اثنا انقلاب یمن کی اعلی کمیٹی کے سربراہ نے یمن کے تیل اور گیس پر جارحین کی ڈاکہ زنی کے بارے میں بین الاقوامی اداروں کی جانب سے واضح و شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اس ملک کی سرکاری نیوز ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ابھی حال ہی میں منظر عام پر آنے والی عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق دوہزار چودہ میں یمن کو تیل اور گیس سے سات ارب ڈالر سے زیادہ کی آمدنی ہوئی تھی ۔

یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کھل کر کہا کہ یمن پر سعودی جارح اتحاد کی جارحیت کے برسوں میں امریکہ ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور ان کے ایجنٹوں نے یمن کے تیل اور گیس کو لوٹا ہے۔یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ کے رہنما سید عبدالملک الحوثی نے بھی گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ یمن پر گذشتہ چار سال کی سعودی جارحیت کے دوران صوبہ مارب ، شبوہ اور حضرموت سے یمن کا ایک سو بیس ملین بیرل سے زیادہ تیل چوری کیا گیا ۔

سعودی عرب نے امریکہ اور اسرائیل کی حمایت سے ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر عرب ممالک کے ساتھ مل کے، مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملوں کے ساتھ ہی اس غریب عرب ملک کا زمینی ، بحری اور فضائی محاصرہ بھی کر رکھا ہے ۔اس دوران جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں سولہ ہزار سے زیادہ یمنی شہید دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں بے گھر اور دربدر ہوگئے ہیں تاہم سعودی حکومت اور اس کے اتحادی یمنی عوام کی استقامت کی بنا پر اب تک اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں کر سکے ہیں۔

ٹیگس