ملت یمن ایمان کی طاقت سے دشمنوں کے مقابلے میں ڈٹی رہے گی: عبدالملک الحوثی
یمن کی تحریک انصاراللہ کے سربراہ نے جارح قوتوں کا مقابلہ کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت یمن دشمنوں کے مقابلے میں پوری طاقت سے کھڑی رہے گی
تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے ملت یمن کو ایک مومن قوم قرار دیا اور اللہ تعالی کے مومنوں کی مدد اور دشمنوں پر فتح کے وعدے کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دشمن ، یمن کی سرزمین ، اقتداراعلی اور خودمختاری پر کبھی بھی مسلط نہیں ہو سکتا۔سعودی عرب کی حکومت امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر جارحانہ حملے کر رہی ہے اور اس کا زمینی فضائی اور بحری محاصرہ کئے ہوئے ہے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے جارحانہ حملوں کی وجہ سے یمن میں اب تک سولہ ہزار سے زیادہ شہری شہید ، دسیوں ہزار زخمی اور لاکھوں یمنی دربدر ہوچکے ہیں۔سعودی عرب کی فوجی جارحیت کے نتیجے میں غریب عرب ملک یمن کو غذاؤں اور دواؤں کی شدید قلت کا سامنا ہے تاہم یمنی عوام کی استقامت کے نتیجے میں اب تک جارح سعودی اتحاد کو اپنا کوئی بھی ہدف حاصل نہیں ہو سکا ہے۔