Dec ۲۰, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کا مطالبہ عراقی وزیراعظم نے ٹھکرادیا تھا

عراق کی سیاسی جماعت عصائب اہل الحق کے سکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے عراقی وزیراعظم سے کہا تھا کہ عراق کا آدھا تیل وہ عراق کی تعمیر نو کے عوض امریکا کے حوالے کریں -

عصائب اہل الحق کے سکریٹری جنرل قیس الخزعلی نے قطر کے الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو میں کہا کہ وزارت عظمی کے عہدے سے عادل عبدالمہدی کے استعفے کی ایک وجہ یہ تھی کہ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کو عراق کا آدھا تیل دینے سے انکار کردیا تھا -

عراق کی سیاسی جماعت عصائب اہل الحق کے سکریٹری جنرل قیس الخزعلی نے کہا کہ عراق میں ناپاک مقاصد کے حصول کے لئے امریکی اسرائیلی اور اماراتی منصوبے پر بدستور کام ہو رہا ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت کے استعفے اورملک میں پائے جانے والے عدم استحکام کے دور میں قبل از وقت انتخابات ایک خطرناک ریسک ہے جس سے ملک میں خانہ جنگی چھڑ سکتی ہے -

واضح رہے کہ گذشتہ اکتوبر میں شروع ہوئے عراقی عوام کے مظاہروں میں شدت آجانے کے بعد عراقی پارلیمنٹ نے وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے استعفے کی درخواست قبول کرلی - اور عراقی صدر برہم صالح نے نیا وزیراعظم نامزد کرنے کے لئے سیاسی جماعتوں سے صلاح و مشورہ شروع کردیا ہے -

ٹیگس