Dec ۳۰, ۲۰۱۹ ۲۲:۳۸ Asia/Tehran
  • عراقی فورسز کو ملا مرجعیت کا ساتھ، امریکی اقدامات کا مقابلہ کرنے پر تاکید

عراق کے بزرگ مرجع تقلید، آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے رضاکار فورس الحشد الشعبی کے فوجی اڈوں پر امریکا کے ڈرون حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے بزرگ مرجع تقلید، آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے پیر کو ایک بیان جاری کرکے دہشت گرد امریکی فوج کے رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ٹھکانوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عراق کے اقتدار اعلی کے خلاف قرار دیا۔

عراق کے بزرگ مرجع تقلید، آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے ملک کے اقتدار اعلی کا احترام کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے حکومتی اداروں کو چاہئے کہ وہ اس غیر قانونی اقدامات کا مقابلہ کریں اور ایسے اقدامات انجام دیں کہ ایسے حملوں کی تکرار پھر نہ ہو۔

عراق کے بزرگ مرجع تقلید، آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے کہا کہ ایسی سبھی طاقتوں پر لگام لگانے کی ضرورت ہے جو عراق کو علاقائی اور عالمی جنگ کا محاذ بنانے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کے داخلی امور میں کسی کو بھی مداخلت کی اجازت نہیں ہے۔  

واضح رہے کہ 29 دسمبر کو امریکی ڈرون طیاروں نے شام سے لگی عراقی سرحد پر رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر حملے کئے تھے جن میں کم از کم 27 رضاکار فورس کے جوان شہید اور 51 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

عراق کی سیاسی جماعتوں گروہوں اور شخصیتوں نے صوبہ الانبار کےسرحدی شہر القائم میں عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے اڈوں پر دہشت گرد امریکی فوج کے حملوں کی مذمت کی ہے۔

ٹیگس