Dec ۳۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۶ Asia/Tehran
  •  مقتدیٰ صدر نے کی امریکی دہشتگردوں کوعراق سے نکالنے پر تاکید

عراق کی صدر پارٹی کے سربراہ نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک سے امریکی دہشتگردوں کو نکال باہر کرنے کے لئے متحد ہو جائیں۔

ارنا نیوز کے مطابق صدر پارٹی کے سربراہ مقتدیٰ صدر نے ایک بیان جاری کر کے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ تمام تر سیاسی اور قانونی طریقوں کو بروئے کار لا تے ہوئے دشمن امریکہ کو ملک سے باہر  نکالنے کے لئے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق کسی قیمت پر اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ اسے سیاسی اور فوجی انتقام کے لئے کھلا میدان بنا دیا جائے۔

قابل ذکر ہے کہ اتوار کی شب امریکی ڈرونز نے عراق و شام کی سرحد پر واقع رضاکار فورس الحشد الشعبی کی دو بٹالیئنوں پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں کم از کم تیس جوان شہید جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ کی اس دہشتگردانہ کاروائی میں شہید ہونے والے الحشد الشعبی کے جوانوں کی آج بغداد میں تشییع کی جائے گی۔امریکہ کے اس دہشتگردانہ اقدام پر عراق کی سبھی سیاسی جماعتوں نے رد عمل دکھاتےہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

صوبہ بصرہ اور دیالہ سے بھی خبر ہے کہ ہزاروں عراقیوں نے امریکہ کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کے خلاف امریکی دہشتگردی کی سخت مذمت کی۔

اُدھر عراق کی وزارت خارجہ نے بھی خبر دی ہے کہ امریکی سفیر کو بھی جوابدہی کے لئے طلب کر لیا گیا ہے۔اسی سلسلے میں عراق میں متعین ایرانی سفیر ایرج مسجدی نے ملک کے صدر برہم صالح سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے الحشد الشعبی کے جوانوں کی شہادت پر انہیں تعزیت پیش کی اور امریکہ کی حالیہ دہشتگردانہ  کارروائی کے سلسلے میں ایران کے صدر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں عراق کے صدر نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔

ٹیگس