عراق میں امریکہ کے باوردی دہشتگردوں پر خوف طاری
عراق میں امریکی فوجی چھاؤنیاں امریکہ کے باوردی دہشتگردوں کے لئے جیلوں میں تبدیل ہو چکی ہیں۔یہ بات عراقی پارلیمنٹ کے ایک رکن نے کہی ہے۔
عراق کی النہرین ویب سائٹ کے مطابق عراقی پارلیمنٹ میں الفتح الائنس کے رکن کریم علیوی نے کہا ہے کہ امریکہ کے باوردی دہشتگردوں کے دل میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کا ایسا خوف پیدا ہو گیا ہے کہ وہ اپنے ملٹری بیسز سے باہر نہیں نکلتے، اور ممکنہ حملے سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار رہتے ہیں۔
کریم علیوی نے کہا ہے کہ اب دوبارہ امریکہ کے ساتھ سیکورٹی تعاون کا امکان نہیں ہے اور ملک سے امریکی دہشتگردوں کو نکالنے پر مبنی عراقی پارلیمنٹ کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
الفتح الائنس کے اس نمائندے نے کہا ہے کہ عراق کو اپنی سیکورٹی کے لئے امریکہ کی ضرورت نہیں ہے اور ملک کی فوج، عوامی رضاکار فورس اور دیگر سیکورٹی فورسز عراق کو تحفظ فراہم کرنے کی پوری توانائی رکھتی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تین جنوری کو بغداد ایئرپورٹ کے قریب امریکہ نے ایک دہشتگردانہ کارروائی کی۔ امریکی صدر کے براہ راست حکم سے انجام پانے والی اس دہشتگردانہ کارروائی میں سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس اپنے ساتھیوں کے ہمراہ شہید ہوئے تھے جس کے بعد عراقی پارلیمنٹ نے ایک بل پاس کر کے امریکہ کے ساتھ جاری سیکورٹی معاہدے کو ختم کر دیا اور اسے ملک سے باہر نکل جانے کے لئے ہدایات جاری کر دیں۔