Jan ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
  • سینچری ڈیل کا مل کر مقابلہ کریں، حماس کی فلسطینیوں سے اپیل

فلسطین کی قومی اور اسلامی فورسز کی جائزہ کمیٹی نے سینچری ڈیل کی مخالفت کی ہے اور منگل اور بدھ کو یوم غضب قرار دیتے ہوئے صیہونی حکومت کے خلاف لامحدود جدوجہد کا اعلان کیا ہے ۔ دوسری جانب تحریک حماس نے اعلان کیا ہے کہ سینچری ڈیل کے خلاف جدوجہد تمام فلسطینی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے۔

تحریک حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا ہے کہ سینچری ڈیل ملت فلسطین کے خلاف امریکہ اور صیہونی حکومت کی نئی جارحیت ہے۔

فوزی برہوم نے کہا کہ اس سازش کے خلاف جدوجہد اور ملت فلسطین کے مفادات کی حمایت کے لئے فلسطینی حکام کے جرئت مندانہ فیصلوں اور موقف کی ضرورت ہے برہوم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ استقامت و مزاحمت چاہے وہ جس شکل میں بھی ہو پورے فلسطین میں تیز ہو جانا چاہئے اور فلسطینی انتظامیہ کو بھی سینچری ڈیل کے بارے میں اہم سرکاری فیصلے کرنے چاہئے۔

درایں اثنا فلسطین کی اسلامی و قومی فورسس کی جائزہ کمیٹی نے ایک بار پھر غزہ میں ہنگامی اجلاس بلا کر ملت فلسطین سے اپیل کی کہ وہ ایک عظیم الشان مظاہرہ کر کے سینچری ڈیل پر عمل درآمد رکوا دیں۔ فلسطین کی اسلامی و قومی جائزہ کمیٹی نے فلسطینی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منگل اور بدھ کو یوم غضب اور صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد کے دن کے طور پر منائیں ۔

فلسطین کی تحریک فتح کے سینئر رہنما عماد الآغا نے کہا ہے کہ سینچری ڈیل  فلسطینی امنگوں  کے خلاف امریکی سازش ہے۔

دوسری جانب فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمودعباس نے فلسطینی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ منگل کو رام اللہ میں فلسطینی انتظامیہ کے دفتر میں ایک ہنگامی اجلاس تشکیل دیں۔ فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ نے اس سے پہلے بھی کہا تھا کہ وہ ایسی کسی ڈیل کو قبول نہیں کریں گے جس میں ایسی خودمختار فلسطینی مملکت کی تشکیل کو کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو، تسلیم نہ کیا گیا ہو۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ منگل کو صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو اور بلیو اینڈ وائٹ الائنس کے سربراہ بنی گانٹز سے ملاقات کے بعد سینچری ڈیل کی رونمائی کرنے والے ہیں۔

ٹیگس