یمنی فوج کی جارح سعودی اتحاد کے خلاف غیر معمولی کارروائی کی تفصیلات جاری
Feb ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
یمن کی فوج اور عوامی رضا کارفورس نے پچھلے دنوں سعودی عرب کے خلاف البنیان المرصوص نامی فوجی آپریشن کے دوران تین ہزار سے زائد جارح سعودی اتحاد کے فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کردیا۔ یہ آپریشن مختلف پہلوؤں سے انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی السریع نے جارح سعودی اتحاد کے خلاف البنیان المرصوس نامی انتہائی کامیاب آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس فوجی کارروائی میں یمن کے غصب شدہ دوہزار پانچ سو مربع کلومیٹرعلاقوں کو آزاد کرالیا گیا۔
یمنی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اس فوجی آپریشن میں جارح سعودی اتحاد کے پندرہ سو فوجی ہلاک اور اٹھارہ سو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ جارح سعودی اتحاد دارالحکومت صنعا تک پہنچنے کے لئے سب سے کم فاصلے والے راستے کو طے کرنے کے لئے مہینوں قبل سے خود کو تیار کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد نے صنعا تک پہنچنے کے لئے فوج کی سترہ ڈویژن اور بہت سی بٹالین کو بھاری فوجی ساز و سامان کے ساتھ علاقے میں تیار کررکھا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ جارح سعودی اتحاد نے زمین پر اپنی فوجوں کی پیشقدمی کو یقینی بنانے کے لئے فضائیہ کا بھی سہارا لیا تھا لیکن وہ یمن کے ایئرڈیفنس سسٹم کے میزائلوں کے خوف سے اپنے جنگی طیاروں کو بلندیوں پر ہی روکنے پر مجبور رہا۔ یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ فاطر ایئر ڈیفنس سسٹم نے سعودی جنگی طیاروں کو اپنی جگہ سے ہلنے کی بھی اجازت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی فوج کی اس شاندار فوجی کارروائی میں سعودی عرب کے متعدد ہوائی اڈوں منجملہ نجران اور جیزان ہوائی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو فوجی مقاصد کے لئے بھی استعمال ہوتے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ یمن کے ڈرون اور میزائل یونٹس نے ملک کے اندر اور باہر جارح سعودی اتحاد کے بالترتیب اکتالیس اور اکیس ٹھکانوں پر حملے کئے۔ یمنی فوج کی بنیان المرصوص فوجی کارروائی کی اہمیت کا ایک پہلو یہ ہے کہ اس سے جارح اتحاد کے فوجیوں کی کمزوری کھل کر سامنے آگئی اور انہیں بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ اس کارروائی کی اہمیت کا دوسرا پہلو یہ ہے کہ اس کے دوران بھاری مقدار میں جنگی ساز و سامان یمنی فوج کے ہاتھ لگے اور اب انہیں ہتھیاروں کو جارح سعودی اتحاد کے خلاف استعمال کیا جاسکے گا۔ العہد نیوز ویب سائٹ نے خبردی ہے کہ یمنی فوج کی یہ کارروائی جارح سعودی اتحاد کے لئے ایک اسٹریٹیجک شکست ہے۔