Mar ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • صوبہ مآرب میں یمنی فوج کی کامیاب پیشقدمی

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مآرب کے اہم علاقوں کی جانب کامیاب پیشقدمی کی ہے۔

صنعا میں دفاعی ذرائع نے بتایا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے شدید جھڑپوں کے بعد اسٹریٹیجک نوعیت کے علاقے صرواح کے کئی کلومیٹر رقبے کو آزاد کرالیا ہے۔ 
ایک اور اطلاع کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ مآرب کے علاقے الحمرا کا بھی کنٹرول حاصل کر لیا ہے جس کے بعد صرواح سیکٹر پر اس کی پوزیشن پوری طرح مضبوط ہوگئی ہے۔ 
یمنی فورسز نے گزشتہ دنوں صوبہ مآرب اور صوبہ الجوف میں جارح سعودی اتحاد میں شامل کرائے کے فوجیوں کے خلاف بڑے آپریشن کا آغاز کیا تھا، اس کارروائی کے دوران صوبۂ جوف کے شہر الحزم سمیت متعدد نواحی علاقے یمنی فورسز کے کنٹرول میں آگئے ہیں۔ 
سعودی عرب نے امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ملکوں کے ساتھ مل کر مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن کو زمینی، فضائی اور سمندری جارحیت کا نشانہ بنانے کے علاوہ اس ملک کا مکمل محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی وحشیانہ جنگ کے نتیجے میں اب تک سولہ ہزار سے زائد یمنی شہری شہید اور دسیوں ہزار زخمی ہوچکے ہیں جبکہ کئی لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔ 

ٹیگس