ایران کے خلاف پابندیاں ختم کی جائیں: عرب تنظیمیں
Mar ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
عرب ملکوں کی متعدد عوامی تنظیموں اور اداروں نے ایک بیان جاری کر کے ایران کے خلاف عائد امریکہ کی ظالمانہ پابندیاں اٹھائے جانے کے علاوہ یمن اور فلسطین کے بارے میں متعدد مطالبات دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق عرب ملکوں میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی باسٹھ تنظیموں اور اداروں کے جاری کردہ بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں ختم کرانے کے علاوہ ایرانی عوام کے لیے میڈیکل آلات اور دواؤں کی ترسیل کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کرے۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ، خلیج فارس تعاون کونسل اور یورپی یونین، یمن کے محاصرے اور جنگ کے خاتمے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات انجام دینے کے ساتھ ساتھ یمنیوں کے لئے انسانی امداد کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کرے۔
بیان میں غزہ کے باشندوں کے لیے بھی عالمی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
عرب ملکوں کی باسٹھ تنظیموں اور عوامی اداروں کے جاری کردہ بیان میں، دنیا بھر میں فوجی مقاصد کے لیے قائم بائیولوجیکل اور جراثیمی مراکز اور تجربہ گاہوں کی بندش کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کورونا وائرس کے مقابلے میں دنیا کے تمام ملکوں اور عالمی اداروں کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔