یمن میں جنگ بندی ہے ہی نہیں جس کی توسیع کی گئی ہے: انصار اللہ
تحریک انصار اللہ نے جارح سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی مدت میں توسیع کے دعوے کو مسترد کر دیا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے جارح سعودی اتحاد کی جانب سے جنگ بندی کی مدت میں توسیع کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد جنگ بندی میں توسیع کا دعوی کرکے اپنی اگلی شکستوں کی توجیہ پیش کرنے کے درپئے ہے۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ جنگ بندی نام کی کسی چیز کا وجود نہیں ہے کہ سعودی عرب اس کی توسیع کرے بلکہ زمینی حقیقت یہ ہے کہ حملے شدید ہو گئے ہیں جس کی آج توسیع کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جارح سعودی اتحاد نے یمن میں ایک مہینے کی جنگ بندی میں توسیع کا دعوی کیا ہے۔
یمن کے خلاف جنگ اور جارحیت کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے کہ جب سعودی جنگی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے نو اپریل کو جنگ بندی پر اتفاق رائے کا اعلان کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ دو ہفتے کی جنگ بندی میں مزید توسیع کا امکان پایا جاتا ہے تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک دن بھی پابندی نہیں کی اور اس کے اعلان کے محض چند گھنٹے بعد ہی یمن کے رہائشی علاقوں اور شہری اہداف کو زمینی اور فضائی حملوں کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔
سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک نے مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ جنگ مسلط کرنے کے علاوہ مغربی ایشیا کے اس غریب اسلامی اور عرب ملک کا زمینی، فضائی اور سمندری محاصرہ بھی کر رکھا ہے۔
پانچ سال سے جاری سعودی جارحیت اور محاصرے کی وجہ سے دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جبکہ دسیوں لاکھ افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔