حشد الشعبی کے حملے میں چار داعش دہشتگرد ہلاک
عراق کی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے ایک کارروائی کے دوران داعش کے چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
الحشد الشعبی کی اکیسویں بٹالین کے کمانڈر حضیر المطروحی نے جمعے کو بتایا کہ داعش دہشتگرد صوبہ صلاح الدین کے الخاتونیہ علاقے میں حشد الشعبی کے جوانوں پر حملے کی سازش کر رہے تھے جو طشت از بام ہو گئی۔
الحشد الشعبی نے داعش کی سازش فاش ہونے کے بعد ہی اس کے اڈے پر توپوں سے گولہ باری کی اور نتیجتاً دہشتگردوں کا اڈہ تباہ اور چار دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
المطروحی کے مطابق الحشد الشعبی کی اکیسویں بٹالین اس سے پہلے بھی مذکورہ علاقے میں داعش کے اڈے کو نشانہ بنا چکی ہے اور آئندہ بھی دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھے گی اور ان کی سازشوں کو ناکام بناتی رہے گی۔
الحشد الشعبی کی اکیسویں بٹالین صوبہ صلاح الدین اور دیالہ کے درمیان تعینات ہے اور یہ علاقہ داعش دہشتگردوں کی نقل و حرکت اور منتقلی کا اہم علاقہ شمار ہوتا ہے۔ گذشتہ دو مہینوں سے عراق کے صوبہ صلاح الدین اور دیالہ میں داعش دہشتگردوں کے حملے بڑھ گئے ہیں۔