Jun ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۳:۰۰ Asia/Tehran
  • عراق کے تین صوبوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا آپریشن مکمل

عراقی فوج نے بتایا ہے کہ "ابطال العراق" آپریشن اپنے تمام اعلان شدہ اہداف کو حاصل کرنے کے بعد ختم ہو گيا ہے۔

عراقی فوج کے ترجمان بریگيڈیر یحیی رسول نے بتایا کہ کرکوک اور صلاح الدین صوبوں کو جوڑنے والے علاقوں میں چلائے گئے ابطال العراق (عراق کے ہیروز) آپریشن میں تمام مد نظر اہداف حاصل کر لیے گئے جس کے بعد اس آپریشن کے خاتمے کا اعلان کر دیا گيا ہے۔ یہ آپریشن وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے صوبۂ کرکوک کے دورے کے بعد شروع کیا گيا تھا جس کا مقصد کرکوک، صلاح الدین اور دیالہ صوبوں سے داعش کے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنا تھا۔

 

یہ آپریشن گزشتہ منگل کو شروع کیا گيا تھا۔ عراقی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ عراقی فورسز نے سات سو اڑتیس مربع کلو میٹر سے  زیادہ کے علاقے کی مکمل چھان بین کی اور انھیں دہشت گردوں سے پوری طرح پاک کر دیا۔ یحیی رسول نے بتایا کہ اس مہم کے دوران بہت سے دہشت گرد مارے گئے اور بڑی تعداد میں گرفتار ہوئے جبکہ ان کے خفیہ ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے علاوہ ان کے فوجی ساز و سامان ضبط کر لیے گئے۔

ٹیگس