Jun ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • عراق میں ترک سفیر کی ایک بار پھر وزارت خارجہ میں طلبی

عراق کی وزارت خارجہ نے شمالی عراق پر ترکی کے جنگی طیاروں کے حملے کے خلاف احتجاج کے طور پر ایک بار پھر ترکی کے سفیر کو طلب کر لیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز ایک بیان میں شمالی عراق پر ایک بار پھر ترکی کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انقرہ کے اس اقدام کو عراق کے اقتدار اعلی کی توہین قرار دیا ہے۔ عراق نے ترکی کے سفیر فاتح ییلدیز کو وزارت خارجہ طلب کرکے انھیں ایک احتجاجی یادداشت دی ہے جس میں حکومت ترکی سے کہا گیا ہے کہ وہ اشتعال انگیز اقدامات اور عراق کے قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کرنے سے باز آجائے۔

اس سے قبل منگل کے روز بھی عراق نے ترکی کے سفیر کو شمالی عراق پر کئے جانے والے حملے کے سلسلے میں سخت خبردار اور ترکی کے اقدام کو اچھی ہمسائیگی اور دو طرفہ دوستی کے اصول اور بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا تھا۔

ترکی کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کی فوج نے شمالی عراق میں پی کے کے، کے پانچ سو سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ پیر کے روز بھی ترکی کے اٹھارہ جنگی طیاروں نے شمالی عراق میں مخمور و سنجار کے قریب واقع پناہ گزیں کیمپ کو نشانہ بنایا تھا۔

ٹیگس