Jun ۲۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۰۰ Asia/Tehran
  • صیہونی وزیر انٹیلی جینس سے عرب حکمرانوں کے رابطوں کا انکشاف

صیہونی حکومت کے وزیر انٹیلی جینس ایلی کوہن نے انکشاف کیا ہے کہ بعض عرب ملکوں کے حکمرانوں کے ساتھ ان کی ملاقات ہوئی ہے اور ان کے ساتھ سمجھوتوں پر دستخط بھی کئے گئے ہیں۔

صیہونی حکومت کے اس وزیر نے سعودی عرب کے اخبار ایلاف کے ساتھ گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ خلیج فارس کے بعض عرب ملکوں کے حکمرانوں سے ملاقات و گفتگو ہوئی ہے، کہا ہے کہ یہ عرب ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔

کوہن نے اس طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اسرائیل نے بعض ایسے عرب ممالک کے ساتھ کہ جن کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں رہے ہیں، کئی سمجھوتوں پر دستخط بھی کئے ہیں، کہا ہے کہ ان سمجھوتوں میں نیٹوم کے نام سے سعودی عرب میں اہم پروجیکٹ بھی شامل ہے۔

صیہونی حکومت کے اس وزیر نے اس سوال کے جواب میں کہ غرب اردن کے بعض علاقوں کو اسرائیل میں شامل کئے جانے کے منصوبے کے باوجود یہ عرب ممالک کیا اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کریں گے؟، کہا کہ خلیج فارس کے عرب علاقے اور عرب ملکوں میں جو حکمراں برسر اقتدار ہیں وہ عزت کے ساتھ اپنی قوم، سلامتی اور اقتصاد و معیشت کو اہمیت دیتے ہیں۔

صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے سلسلے میں علاقے کے بعض عرب ملکوں منجملہ سعودی عرب، بحرین، اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوششیں ایسی حالت میں جاری ہیں کہ یہ غاصب حکومت فلسطینیوں کی سرکوبی کے علاوہ عرب و اسلامی علاقوں میں بہت سے غیر انسانی جرائم کا ارتکاب کرتی رہی ہے۔

ٹیگس