بین الافغان مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے صدر اشرف غنی سے ملاقات اور امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
کابل میں ایوان صدر کے ترجمان صدیق صدیقی نے بتایا ہے کہ صدر اشرف غنی اور عبد اللہ عبد اللہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں ملک میں جنگ اور جھڑپوں کے خاتمے کے لیے بین الافغان مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
افغانستان کے صدر اور اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ کے درمیان یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب طالبان نے حکومت افغانستان کی جانب سے براہ راست مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کر کے ملک کے مختلف علاقوں میں حملے تیز کر دئے ہیں۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ بالامرغاب ضلع میں افغان فوج پر طالبان کے حملے میں سات افغان جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔ صوبہ لوگر میں بھی طالبان کے ساتھ جھڑپ میں چار فوجی اہلکاروں کے جاں بحق اور تین کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی رات بھی طالبان کے ساتھ ہونے والی لڑائی میں ایک افغان سیکورٹی افسر مارا گیا تھا۔