عراق میں امریکہ کے خلاف جد و جہد جاری رہے گی: عصائب اہل حق کا اعلان
عراق کی عصائب اہل حق تحریک کے سیکریٹری جنرل قیس الخز علی نے کہا ہے کہ عراق سے امریکی دہشتگردوں کے انخلا تک ان کے خلاف جد و جہد سے کوئی نہیں روک سکتا۔
عراق کی عصائب اہل حق تحریک کے سیکریٹری جنرل قیس الخز علی نے حزب اللہ عراق کے ہیڈکوارٹر پر دہشت گرد امریکی فوجیوں کے حملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اغیار عراق میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکی فوجیوں کا وجود غاصبانہ ہے خاص طور سے ایسی صورت میں کہ جب عراقی پارلیمنٹ نے ملک سے ان کے انخلا کا بل بھی پاس کر دیا ہے۔
اس درمیان عراق کی تنظیم عصائب اہل الحق کے ایک اور رہنما جواد الطلیباوی نے حزب اللہ عراق کے مرکز پر دہشت گرد امریکی فوجیوں کے حملے کو آگ سے کھیلنے کے مترادف اور اس کے نتائج کی بابت خبردار کیا ہے۔ عراقی پارلیمنٹ میں الحکمت پارٹی کے نمائندے حسن فدعم نے بھی کہا ہے کہ حزب اللہِ عراق کے مرکز پر حملہ اور اس تنظیم کے کمانڈروں کا اغوا ایک اشتعال انگیز اقدام ہے اور اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔
دہشت گرد گروہوں کے مقابلے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی کامیابیوں کے بعد امریکہ اور صیہونی حکومت نے عراق کے مختلف علاقوں میں الحشد الشعبی کے مراکز کو کئی بار اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے اور اس طرح عراق میں دہشت گرد گروہوں کو ایک بار پھر دہشت گردانہ کارروائیاں تیز کرنے کے لئے اکسانے کی ناکام کوشش کی ہے۔
دہشت گرد امریکی فوجیوں نے چالیس بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ بغداد کے الدورہ علاقے میں قائم حزب اللہ عراق کے دفتر پر حملہ کر کے اس تنظیم کے تیرہ کمانڈروں اور جوانوں کو اغوا کر لیا جس کے بعد الحشد الشعبی کے جوان، بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون میں داخل ہو گئے۔ مختلف عراقی گروہوں کی جانب سے دہشت گرد امریکی فوجیوں کی اس جارحیت پر شدید ردعمل کے باعث امریکی فوجیوں نے حزب اللہ عراق کے کمانڈروں اور جوانوں کو کچھ دیر تک حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا-