Jul ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۲ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کے فوجی اور سرکاری اہداف پر حملوں کا اعلان

یمن کی مسلح افواج نے سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں اور سرکاری اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

المسیرہ ٹیلی ویژن کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحی السریع نے کہا کہ جب تک یمن کے خلاف جنگ بند اور محاصرہ ختم نہیں ہوجاتا اس وقت تک سعودی اتحاد کے فوجی اور سرکاری اداروں پر حملے جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کو اپنے وطن اور عوام کے دفاع کا قانونی حق حاصل ہے۔ یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا کہ ہماری دفاعی طاقت میں پہلے سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، اگرچہ ہم نے اب تک اپنی پوری حربی توانائی سے کام نہیں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری دفاعی طاقت کو سمجھ لے اور یمن پر جارحیت بند اور محاصرہ ختم کردے۔

دوسری جانب یمن کی وزارت انسانی حقوق نے کہا ہے کہ سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے ایک بار پھر صنعا اور صعدہ صوبوں میں طاقتور کلسٹر بموں کا استعمال کیا ہے۔ یمن کی وزارت انسانی حقوق کے مطابق صوبہ صعدہ پر سعودی جنگی اتحاد کی بمباری میں ایک کم سن لڑکی اور سن رسیدہ خاتون شہید ہوگئی۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی جنگی طیاروں نے صنعا کے شہر سبعین میں ایک اسپتال کے گودام کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں وہاں موجود طبی وسائل اور دواؤں کا ذخیرہ تباہ ہوگیا۔

ٹیگس