مرجع تقلید کی اہانت، سعودی عرب کے خلاف مظاہرے+ ویڈیوز
Jul ۰۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
سعودی اخبار الشرق الاوسط کی جانب سے آيۃ اللہ العظمی سیستانی کی اہانت کے خلاف عراقی عوام نے گرین زون کے علاقے میں مظاہرہ کیا۔
سیکڑوں کی تعداد میں عراقی شہریوں نے سعودی عرب کی مداخلت پسند پالیسیوں کی مذمت کی اور ریاض کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔
مظاہرین نے سعودی اخبار کی جانب سے مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کی اہانت پر حکومت کی خاموشی کی مذمت کی اور حکومت سے اس پر جوابی کاروائی کا مطالبہ کیا۔
در ایں اثنا گرین زون کے علاقے کی سیکورٹی پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین پر اس وقت حملہ کردیا جب انہوں نے سیکورٹی دیوار عبور کر لی۔ اس حملے میں درجنوں مظاہرین زخمی ہو گئے۔
سعودی عرب کے اخبار الشرق الاوسط نے جمعے کے روز آيۃ اللہ العظمی سیستانی کا ایک اہانت آمیز کارٹون شائع کیا تھا جس پر عراق کے مختلف سیاسی و سماجی گروہ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور مسلسل اس اقدام کی مذمت کر رہے ہیں۔