افغانستان: افغان جیل سے مزید 50 طالبان قیدی رہا
حکومت افغانستان نے مزید 50 طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی حکومت نے ہونے والے معاہدے کی روشنی میں کل مزید 50 طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا اس طرح اب تک رہا ہونے والے طالبان کے قیدیوں کی تعداد 4490 ہو گئی ہے جبکہ طلبان نے بھی اب تک 820 افغان سیکورٹی اہلکاروں کو رہا کیا ہے۔
حکومت افغانستان کے ذرائع ابلاغ کے سربراہ لطیف محمود نے کل طالبان قیدیوں کی آزادی کے بارے میں اپنے موقف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، طالبان کے 592 قیدیوں کو مختلف جرائم انجام دینے کے باعث آزاد نہیں کرے گی اور حکومت نے ان کی جگہ نئی فہرست جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ان قیدیوں کی آزادی افغان حکومت اور طالبان کے درمیان جنگ بندی اور قیام امن کی ایک اہم پیشگی شرط ہے۔ اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ طالبان نے آخری چند مہینوں میں افغانستان کے مختلف علاقوں میں اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان 29 فروری کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ ہوا تھا جس میں یہ طے پایا تھا کہ افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدیوں کو رہا کرے گی جس کے بدلے میں طالبان، حکومت کے ایک ہزار قیدی رہا کریں گے۔
امریکا نے معاہدے کے تحت وعدہ کیا تھا کہ اگلے سال جولائی تک امریکی اور دیگر غیر ملکی افواج کا افغانستان سے انخلا ہوگا جبکہ طالبان کی جانب سے سیکورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی تھی۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link