Aug ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • جلال آباد جیل سے دو سو قیدی فرار

افغانستان کے صوبہ ننگرہار کی جلال آباد جیل پر دہشتگردوں کے حملے کے بعد دو سو قیدی فرار کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

مشرقی افغانستان کے صوبہ ننگرہار کے ڈپٹی گورنر تمیم عارف نے منگل کو بتایا کہ شہرجلال آبا د میں تقریبا ایک ہزار آٹھ سو قیدیوں کو رکھا گیا تھا جن میں سے دو سو قیدی فرار کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں  تاہم انھیں گرفتار کرکے دوبارہ جیل میں ڈالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

 اس رپورٹ کے مطابق ابھی تک فراری قیدیوں کے تشخص کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ  پیر کو افغان حکام نے اعلان کیا تھا کہ جلال آباد جیل پر اتوار کی شام کے  دہشت گردانہ حملے کے بعد ایک ہزار قیدی فرار ہوگئے تھے جنہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 جلال آباد جیل میں داعش دہشت گرد گروہ  کے بھی  کچھ قیدی رکھے گئے ہیں ۔

 داعش دہشتگرد گروہ نے اتوار کی شام  کو جلال آباد جیل پر حملہ کیا تھا جس کے بعد حملہ آوروں اور سیکورٹی اہلکاروں میں زبردست تصادم شروع ہوگیا تھا جس کا سلسلہ پیر کی دو پہر کے بعد تک جاری رہا ۔تقریبا بیس گھنٹے تک جاری اس جنگ میں دس داعشی دہشتگرد ، انتیس سیکورٹی اہلکار اور عام شہری مارے گئے۔

پیر کی شام جلال آباد ایئرپورٹ کے قریب بھی افغان فوجیوں اور مسلح دہشتگردوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں تاہم اس تصادم میں ممکنہ جانی نقصان کی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

 درایں اثنا افغانستان کے  نائب وزیرداخلہ نے اعلان کیا ہے کہ اس وقت حقانی گروہ اور طالبان ملک میں دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں ۔

 افغانستان کے نائب  وزیرداخلہ مسعود اندرابی نے کہا ہے کہ افغانستان میں حقانی گروہ اور طالبان کی دہشتگردانہ سرگرمیوں کا جب انھیں کوئی سیاسی فائدہ نہیں پہنچتا تو وہ ان کارروائیوں کو داعش سے منسوب کردیتے ہیں ۔

 افغانستان کے نائب وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ داعش کا نیا سرغنہ شہاب المہاجر حقانی دہشتگرد گروہ کا رکن ہے۔

 درایں اثنا طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے افغانستان کے نائب وزیر داخلہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان افغان حکومت کا پروپیگنڈہ ہے ۔

 یہ ایسی حالت میں ہے کہ افغان ذرائع کا کہنا ہے  کہ افغانستان میں اکثر دہشتگردانہ کارروائیاں طالبان اور حقانی گروہ انجام دیتا ہے۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b

ٹیگس