Aug ۰۷, ۲۰۲۰ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
  • افغانستان میں لویہ جرگے کا آغاز، کیا فیصلہ ہوگا؟

افغانستان کے صدر اشرف غنی اور اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے چار سو خطرناک طالبان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے لویہ جرگے کے فیصلے کو ملک کے لیے حیاتی نوعیت کا حامل قرار دیا ہے۔

افغانستان کے لویہ جرگہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اشرف غنی نے کہاکہ خطرناک قسم کے چارسو طالبان قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کرنا افغانستان کے ایوان صدر کے اختیار میں نہیں اور اس بارے میں لویہ جرگے کو ہی کوئی فیصلہ کرنا ہوگا۔انہوں کہا کہ طالبان نے اپنے پانچ ہزار قیدیوں کی فہرست حکومت کے سپرد کی تھی جبکہ حکومت اب تک پانچ ہزار ایک سو قیدیوں کو رہا کرچکی ہے۔

یاد رہے کہ طالبان نے دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت نے اس کی فراہم کردہ فہرست کے مطابق تمام پانچ ہزار طالبان کو رہا نہ کیا تو وہ بین الافغانی مذاکرات میں شرکت نہیں کریں گے۔اسی دھمکی کے پیش نظر افغانستان کا مشاورتی لویہ جرگہ بلایا گیا ہے جو دو روز تک جاری رہے گا جس میں تین ہزار کے قریب قبائلی عمائدین شرکت کر رہے ہیں۔طالبان نے لویہ جرگہ کی مخالفت کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے چار سو طالبان قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے لویہ جرگہ کے فیصلے کو اہم قرار دیا ہے۔عبداللہ عبداللہ اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے افغانستان کے لویہ جرگے کی بھی صدارت کر رہے ہیں۔لویہ جرگہ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ آج پوری افغان قوم جنگ کے خاتمے پر متحد اور متفق ہے تاہم امن کے عمل کے حوالے سے امیدیں اور خدشات دونوں پائے جاتے ہیں۔عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ طالبان قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ انتہائی دشوار ہے اور اس کا مقصد امن مذاکرات کا آغاز اور ملک میں امن و استحکام کی جانب قدم بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کے جنگ اور طالبان کی رہائی میں سے کسی ایک راستے کے انتخاب جیسے بڑے فیصلے میں عوام سے رائے لی جائے اور حتمی فیصلہ لویہ جرگے کے ارکان کو کرنا ہے۔افغان لویہ جرگہ کے سربراہ نے کہا کہ اگر افغانوں کے درمیان امن میں حائل رکاوٹیں دور ہوگئیں تو امن مذاکرات میں سب سے پہلے ہمہ گیر جنگ بندی پر بات چیت کی جائے گی۔

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b

ٹیگس