Aug ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۷:۰۹ Asia/Tehran
  • سعودی عرب اور اقوام متحدہ کو انصاراللہ کا انتباہ

یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ نے اقوام متحدہ اور سعودی اتحاد کو یمن کے ساحل کے قریب صافر آئل ٹینکر میں ممکنہ دھماکے کا ذمہ دار قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بیروت دھماکوں کے واقعات کی یمن میں تکرار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق  تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام  نے جارح سعودی اتحاد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ  جو کسی قوم کے خلاف تباہ کن جنگ اور قتل عام کراسکتا ہے اور اس کا شدید ترین محاصرہ کر سکتا ہے اسے ایک آئل ٹینکر کے انجام کی کیا پرواہ ہو سکتی ہے۔

محمد عبدالسلام نے اپنے بیان کے دوسرے حصے میں اقوام متحدہ اور اس کی جانب سے سعودی اتحاد کا ساتھ دینے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو یمنی بچوں کے قاتلوں کو بچوں کے حقوق پامال کرنے والی حکومتوں کی فہرست سے باہر نکال سکتی ہے وہ انسانیت کے بارے میں اظہار خیال کرنے کا حق نہیں رکھتی۔

 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنتونیو گوترش نے پندرہ جون کو ایک مشکوک اقدام کے تحت جارح سعودی اتحاد کا نام جسے برسوں سے یمنی بچوں کے قتل عام کی بنا پر بچوں کی قاتل حکومتوں کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا ، نکال دیا۔

 منگل کو بیروت بندرگاہ پر ہونے والے دھماکے کے بعد کہ جس میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے ، اقوام متحدہ اور منصورہادی کی مستعفی حکومت نے صافر آئل ٹینکر اور اس میں دھماکے کے امکان کی بابت خبردار کیا ہے اور یمن کی نیشنل سالویشن کی حکومت کو ہر طرح کے سانحے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

 صافر آئل ٹینکر چار سال سے صوبہ الحدیدہ کے ساحل  کے قریب لنگرانداز ہے اور جارح سعودی اتحاد ، انصاراللہ کے ذریعے تیل کے حامل اس ٹینکر کی تعمیرومرمت میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں ۔

 دوسری جانب انقلاب یمن کی اعلی کمیٹی کے سربراہ نے  متحدہ عرب کے حکام کے دوہرے اور غیرانسانی رویے پر تنقید کی ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انقلاب یمن کی اعلی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں یہودیوں کے لئے کنیسہ تعمیر کرنے کی مذمت کی تھی اور تاکید کے ساتھ کہا تھا کہ امارات ، کنیسہ تعمیر کرکے صیہونیوں کو اس ملک میں دعوت دے رہا ہے تاکہ دنیا کو دکھا سکے کہ اس کے اقدامات انسانی ہیں۔

انقلاب یمن کی اعلی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات ایسی حالت میں یہ اقدامات کررہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد کے ساتھ مل کر یمنی عوام کا قتل عام کررہا ہے اور اپنے وحشیانہ حملوں سے ہزاروں  یمنیوں کو بے گھر اور دربدر کر چکا ہے جبکہ ان کی وطن واپسی کی راہ میں بھی رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے - متحدہ عرب امارات کے حکام نے ابھی حال ہی میں دبئی میں ایک کنیسہ کا افتتاح کیا ہے جس کے سلسلے میں سوشل میڈیا پر زیادہ تر عرب یوزرس نے کافی سخت ردعمل دکھایا ہے ۔

عرب ناقدین نے متحدہ عرب امارات کے اس اقدام کو صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوشش سے تعبیر کیا ہے۔

 

 

 

ٹیگس