شمالی غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں کی بمباری
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے پیر کی صبح شمالی غزہ پٹی پر بمباری کی ہے۔
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے شمالی غزہ پٹی میں مشرقی جبالیا پر بمباری کی ہے صیہونی حکومت کے جنگی طیارے ، ہیلی کاپٹراور توپخانے گذشتہ مہینوں میں غزہ پٹی کے مختلف علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں ۔یہ حملے ہمیشہ ہی بے بنیاد الزامات اور بہانوں کے باعث انجام پاتے ہیں۔
غزہ پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں میں اب تک ہزاروں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔غزہ پٹی دو ہزار چھے سے اسرائیل کے بحری ، فضائی اور بری محاصرے میں ہے اور غزہ پٹی کے باشندوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔ اس درمیان حماس نے اسرائیل کے ہوائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے تل ابیب انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ میں ہر طرح کی مہم جوئی سے باز رہے- حماس کے رہنما محمودالزہار نے کہا کہ اگر صیہونی حکومت نےغزہ میں کسی طرح کی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے اپنی غلطیوں کا حساب دینا ہوگا۔