Sep ۰۱, ۲۰۲۰ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ سعودی جرائم کو جان بوجھ کر نظر انداز کر رہا ہے: یمنی حکام

یمن کی وزارت صحت نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کی جانب سے سعودی جنگی اتحاد کے غیر قانونی اقدامات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کو نظر انداز کیے جانے پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

یمن کی وزارت صحت کے ترجمان یوسف الحاظری نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد کی جانب سے یمن آنے والے بحری جہازوں کو مسلسل روکا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں ملک میں صحت سے متعلق مسائل شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کی خرابی کے باوجود اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس کے جاری کردہ بیان میں یمن کے لیے ایندھن کی فراہمی اور صحت کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

یمن کی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے ان معاملات کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا ہے تاکہ عالمی برادری کی توجہ یمن میں رونما ہونے والے انسانی المیے پر مرکوز نہ ہونے پائے۔

اس سے پہلے یمن کی نیشنل آئل کمپنی نے انسانی المیہ کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں ایندھن کے ذخائر تیزی کے ساتھ ختم ہو رہے ہیں۔ سعودی اتحاد یمن کے لیے ایندھن اور غذائی اشیاء لانے والے بحری جہازوں کو ساحل تک آنے کی اجازت نہیں دے رہا جس کی وجہ سے اس ملک کے عوام کو غذائی اشیا اور ایندھن کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

ٹیگس