Sep ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
  • سلامتی کونسل میں جارح سعودی اتحاد کی شکایت کا عزم

یمنی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یمن کا تشخص تبدیل کرنے اور اس ملک کی زمینوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کرنے والے جارح سعودی اتحاد میں شامل ممالک کے خلاف شکایت کرے گی۔

یمن کی نیشنل سالویشن  کی حکومت کے وزیرخارجہ ہشام شرف نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد اپنے زیرقبضہ یمنی علاقوں پر پوری طرح قبضہ جما کر یمن کا تشخص تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

 یمنی وزیرخارجہ ہشام شرف نے کہا کہ یمن ، جارح سعودی اتحاد کے زیرقبضہ علاقوں میں اس اتحاد کے رکن ممالک کے غیرقانونی اقدامات کی ایک رپورٹ تیار کر کے اسے سلامتی کونسل میں پیش کرے گا - ہشام شرف نے کہا کہ یمن کی مقبوضہ زمینوں پر انجام پانے والا ایک غیر قانونی اقدام متحدہ عرب امارات کی جانب سے جنوبی یمن کے جزیرہ سقطری میں فوجی اڈہ قائم کرنا ہے۔

انہوں نے  کہا کہ یمن کی وزارت خارجہ ، سلامتی کونسل سمیت متعلقہ بین الاقوامی حلقوں اور اداروں میں اس کی  شکایت کرے گی  اور آگاہ کرے گی کہ صنعا ان ممالک کے ساتھ بھی ویسا ہی برتاؤ کرے گا جیسا وہ یمن کے ساتھ کر رہے ہیں ۔

یمن کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری نے یمن پر جارحیت کرنے والے ممالک کو یمن کے بعض علاقوں اور اس ملک کی سرحدوں کے اندر زمینوں پر قبضہ کرنے کی کھلی چھوٹ دے دی ہے اور صنعا کے حکام  یمن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے تمام لازمی اقدامات انجام دیں گے اور دوست ممالک سے رابطہ کریں گے ۔

  متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ عبوری کونسل کے مسلح  کے جنگجؤوں  نے گذشتہ ہفتوں کے دوران جزیرہ سقطری میں فوجی ٹریننگ سینٹر قائم کرنے کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں جنگجو بھرتی کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

ایک صیہونی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور صیہونی حکومت ، یمن کے جزیرہ سقطری میں ایک جاسوسی اڈہ قائم کرنے کے لئے بھی تعاون کررہے ہیں۔

 درایں اثنا یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ  جنوبی سعودی عرب  میں واقع صوبہ عسیر کے ابہاء فوجی اڈے پر یمنی فوج اور رضاکار فورس نےجوابی حملے کئے ہیں  ۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے  کہا ہے  کہ یمنی فوج نے ابہاء ایئرپورٹ پر فوجی اڈوں اور حساس اہداف کو پوری کامیابی سے نشانہ بنایا ہے ۔ یحیی سریع کے مطابق یہ حملہ یمن پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں اضافے اور اس ملک کا ظالمانہ محاصرہ جاری رکھنے کے نتیجے میں انجام پایا ہے۔

 جارح سعودی اتحاد نے گذشتہ ہفتوں میں یمن کے مختلف صوبوں کے رہائشی علاقوں کو با رہا اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں میں دسیوں بے گناہ یمنی شہری شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

 

ٹیگس