لبنان کے سابق وزیر اعظم رفیق حریری کے بیٹے آپس میں الجھے
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے طریق الجدیدہ علاقے میں ہونے والی مسلح جھڑپوں میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق مسلح جھڑپیں پیر کی شب بیروت میں سعد حریری کی سیاسی تنظیم المستقبل اور ان کے بڑے بھائی بهاء الحریری کے حامیوں کے مابین ہوئیں، تاہم سکیورٹی فورسز کی مداخلت کی وجہ سے یہ خونریز جھڑپیں فی الحال تھم گئی ہیں۔
لبنان کے سابق وزیر اعظم رفیق حریری کے بیٹوں سعد حریری اور بهاء حریری کے اختلافات اب کھل کر سامنے آ گئے ہیں اور مسلح جھڑپوں کی صورت اختیار کر چکے ہیں
لبنان میں ہونے والے احتجاج کے موقع پر بهاء الحریری نے مظاہرین کی قیادت سنبھالنے کی کوشش کی تھی اور اب بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کرنے اور مقاومت کے ہتھیاروں کے خلاف بقول ان کے سعد حریری کی کوتاہی اور کمزوری کا مقابلہ کرنے کے بہانے وہ سیاست میں قدم رکھنے کی کوشش میں ہیں۔