صیہونیوں کو امارات اور سعودی عرب کی ہری جھنڈی
فلسطین کی لیجسلیٹیو کونسل کے رکن نے کہا ہے کہ امارات کی جانب سے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی اور سعودی عرب کی جانب سے اس کے خیرمقدم سے اس غاصب حکومت کو فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کی کھلی چھوٹ مل گئی ہے۔
صفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی لیجسلیٹیو کونسل کے ممبر فتحی القرعاوی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ساتھ متحدہ عرب امارات کا حالیہ سمجھوتہ درحقیقت فلسطینی زمینوں پر یہودی کالونیوں کی تعمیر جاری رکھنے ، فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی اور فلسطینی گروہوں کے درمیان یکجہتی کو ناکام بنانے کی کوشش ہے ۔
القرعاوی نے کہا کہ غرب اردن کو غصب کرنے سے متعلق منصوبوں کی ناکامی ، فلسطینی گروہوں کے سربراہوں کے اجلاس اور ان گروہوں کے درمیان یکجہتی کے لئے انجام پانے والے اقدام نے صیہونی حکومت کو سیخ پا کردیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ اس بنا پر ہر طرح کے غاصبانہ قبضے کی کوشش کا جواب ملکی یکجہتی سے دینا چاہئے۔
واضح رہے صیہونی حکومت اور متحدہ عرب امارات نے تیرہ اگست کو باہمی تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں ۔