Sep ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۳ Asia/Tehran
  • فلسطین میں اسرائیلی قبضے اور محاصرے کے خلاف اقوام متحدہ نے قرارداد منظور کی

اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل نے ایک قرارداد کے ذریعے، فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے اجلاس میں پاس کی جانے والے اس قرارداد میں عام فلسطینیوں کی زندگی پر اسرائیلی قبضے کے منفی اثرات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ بدھ کی صبح اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کے چون رکن ملکوں میں سے سینتالیس نے قرارداد کے حق میں ووٹ دئے۔

امریکہ، آسٹریلیا اور کینیڈا نے قرار داد کی مخالفت کی جبکہ چار ملکوں نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ اس قرار داد میں اسرائیلی قبضے کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں، مشرقی بیت المقدس اور شام کے مقبوضہ علاقے جولان میں پائیدار ترقی، ماحولیات اور صحت مند اقتصادی ماحول کی تیاری میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل نے فلسطینیوں کی ابتر معاشی صورتحال کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ قرار داد میں غزہ کے علاقے میں بے روزگاری کی سطح میں بے پناہ اضافے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے جاری محاصرے اور بندشوں کو غزہ میں بے روزگاری میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل کی منظورہ کردہ اس قرارداد میں فلسطینیوں کے خلاف عائد کی جانے والے تمام بندشیں اور پابندیاں ختم کرنے اور غزہ سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری بحرانی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دنیا کے بہت سے ممالک اور عالمی ادارے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم رکوانے کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم صیہونی حکومت امریکہ کی حمایت اور بعض عرب ملکوں کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقے میں توسیع پسندانہ پالیسیوں کو آگے بڑھانے میں مصروف ہے۔

ٹیگس