Sep ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۸ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے ساتھ روابط کی برقراری، فلسطینی قوم سے خیانت ہے: انصارالله

یمن کی عوامی تحریک انصارالله نے غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ روابط کی برقراری کو فلسطینی قوم سے واضح اور آشکارا خیانت قرار دیا ہے۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصارالله کے ترجمان محمد عبدالسلام نے بعض عرب حکومتوں کی جانب سے قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے ساتھ روابط کی برقراری پر کہا کہ وہ کسی بھی چیز کو اپنے اس اقدام سے بدل نہیں سکتے اس لئے کہ اس سے قبل بھی ان کے در پردہ اسرائیل کے ساتھ روابط تھے۔

انصارالله کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ، ایک اسلامی اور عربی مسئلہ ہے اور کسی بھی طور قدس کی غاصب اور غیر قانونی حکومت کو تسلیم نہیں کر سکتے۔

محمد عبدالسلام نے کہا کہ یمن کے عوام، فلسطین کی حمایت اور غاصب دشمن کے ساتھ ہر قسم کے روابط کی برقراری کے خلاف ہیں اور اپنے اسی موقف کی وجہ سے انھیں سعودی اتحاد کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات اور بحرین نے منگل کی رات وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ اور صیہونی وزیر اعظم نتن یاہو کی موجودگی میں غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے ایک سمجھوتے پر دستخط کردئے۔

اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور بحرین کے تعلقات کی بحالی کے سمجھوتے پر دستخط کے موقع پر عرب اسرائیل دوستی منصوبے کے مخالفین کی ایک بڑی تعداد نے وائٹ ہاؤس کے سامنے اکٹھا ہو کر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے اور فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی کے خلاف مظاہرے کئے۔

ٹیگس