Oct ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۳ Asia/Tehran
  • طالبان کی جنگ پسندی پر اشرف غنی کی تنقید

افغانستان کے صدر نے طالبان کی جانب سے کشیدگی اور جنگ پر اصرار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امن و پیشرفت افغان عوام کی ترجیحات میں ہے۔

افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ طالبان کے لئے ہمارا پیغام یہ ہے کہ وہ تشدد کے ذریعے اپنا مقصد حاصل نہیں کر سکتے اور اگر وہ اسے جاری رکھیں گے تو عوام ان پر اعتماد نہیں کریں گے۔اشرف غنی نے قطر مذاکرات میں  طالبان کے ساتھ قیام امن کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود طالبان نے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی ہے۔

افغانستان کے صدر نے طالبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم لوگ اغیار کے گھر میں اسیر ہو ، آؤ تاکہ ملک کے مستقبل کے بارے میں بات کریں ، اسلام ہمارے خون میں شامل ہے اور افغان قوم امن و پیشرفت چاہتی ہے۔اشرف غنی نے کہا کہ ہم چالیس سالہ بحران کو جڑ سے ختم کرنا چاہتے ہیں ، امن کے لئے ، پروگرام ، عزم اور ارادہ رکھتے ہیں اور پوری سنجیدگی سے خونریزی کا سلسلہ بند کرنا چاہتے ہیں۔

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بارہ ستمبر سے شروع ہوئے ہیں جو مسلسل جاری ہیں ۔

ٹیگس