سعودی عرب نے ایک بار پھر ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے
سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھر ایران کے خلاف اپنے ملک کے بے بنیاد دعوؤں کو دوہرایا ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے جوہری ہتھیاروں کی مکمل تباہی کے عالمی دن کے موقع پر بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی آئی اے ای اے کے زیر اہتمام منعقدہ ایک پروگرام میں، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد دعوے دہراتے ہوئے تہران پر ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے اس پروگرام میں ایران کی جانب سے جوہری معاہدے کی شق نمبر چھبیس اور چھتیس سے فائدہ اٹھانے کو ایٹمی سمجھوتے کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ ایران کا ایٹمی پروگرام بین الاقوامی معاہدوں کے خلاف ہے۔
سعودی عرب کی حکومت نے بھی ایک بیان جاری کر کے ایران پر جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ سعودی حکومت کا یہ مضحکہ خیز دعویٰ ایسے عالم میں سامنے آیا ہے جب بین الاقوامی ایٹمی اینرجی ایجنسی آئی اے ای اے نے بارہا ایران کے جوہری پروگرام کے پرامن ہونے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ تہران پوری طرح سے جوہری معاہدے کی پابندی کر رہا ہے۔