امریکی سفیر اور بین الاقوامی اتحاد کے کمانڈر سے عراقی وزیر اعظم کی ملاقات
عراق کے وزیر اعظم نے منگل کے روز بغداد میں امریکی سفیر میتھیو ٹولر اور نام نہاد داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد کے کمانڈر پال کالورٹ سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کے دفتر نے ایک مختصر بیان جاری کر کے بتایا ہے کہ الکاظمی نے اس ملاقات میں سیکورٹی کے شعبے میں امریکہ اور عراق کے تعلقات میں فروغ اور اسی طرح دہشت گرد گروہ داعش کے باقی بچے افراد کو پکڑنے کی کوششوں کے بارے میں ٹولر اور کالورٹ سے گفتگو اور تبادلۂ خیال کیا۔ اس نشست میں اسی طرح عراق اور امریکہ کے رہنماؤں کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کے نتائج کو نافذ کرنے کے سلسلے میں بھی گفتگو کی گئي۔
عراق کی نئي حکومت اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کے تناظر میں پچھلے تین مہینوں میں سیکورٹی، سیاست اور معیشت کے بارے میں اب تک دو بار گفتگو ہو چکی ہے۔ ان مذاکرات کے اختتام پر دونوں ملکوں کی حکومتوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرنے پر زور دیا تھا۔